ڈیرہ غازیخان؛ بلدیاتی اداروں کے نادہندگان،نقشہ اور کنورشن فیس کی وصولی کیلئے مہم تیز کردی گئی ہے؛ کمشنر

53

ڈیرہ غازیخان،27ستمبر(اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے نادہندگان،نقشہ اور کنورشن فیس کی وصولی کیلئے مہم تیز کردی گئی ہے، نادہندگان کو نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ متعدد کار شو رومز سر بمہر کردئیے گئے ہیں۔

ان خیالات کا ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد نے کمشنر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر کمشنرنے کہا کہ کاروباری حضرات کی آسانی کیلئے واجبات و ٹیکسز اقساط میں جمع کرانے میں رعایت دی جائے گی مگر کسی نادہندہ کو واجبات کی ادائیگی میں معافی نہیں دی جائے گی۔انہوں کہا کہ ڈی جی خان شہر میں 21 کاروباری مراکز سربمہر کئے گئے اور سیل توڑنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان میونسپل کارپوریشن ایک ارب روپے کے خسارہ میں ہے اور ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں ہورہی، دو سال قبل ریٹائر ہونے والوں کو بھی پنشن نہیں ملی۔

کمشنر نے کہا کہ میونسپل سروسز کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے واجبات کی وصولی ضروری ہے، نقشہ اور کنورشن فیس کی بلا امتیاز وصولی کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں بھی کرپشن روکنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں پر ٹریکر لگائے گئے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ سربمہر کئے گئے کاروباری مراکز دوبارہ کھولنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت حرکت میں آئے گی۔

وفد میں بیرسٹر عباس علی خان نصوحہ،مرزا ظفر اقبال، مرزا اقبال احمد،خورشید احمد،طارق اسماعیل قریشی،طاہر معراج،محمد علی دستی،مجاہد عباس اور چیف آفیسر کارپوریشن زوہیب لغاری،ایم او پی خورشید نصیر اور دیگربھی موجود تھے۔