ڈیرہ غازی خان؛آر پی او کی زیر صدارت اجلاس،منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایت

10

ڈیرہ غازی خان،09ستمبر(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور نوجوانوں نسل کو اس سے دور رکھنے کے حوالے سے اجلاس ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان  حسن افضل، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  مظفر گڑھ سید حسنین رضاء ، ڈسٹرکٹ  پولیس آفیسر   راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  لیہ اسدالرحمن نے شرکت کی۔

اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور منیشات کے خلاف کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے  اور ناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریجن بھر کے تمام افسران کی روزانہ کی بنیاد پر  کارکردگی کو مانیٹر کریں  اور منشیات فروشی کے حوالے سےڈیکلیئر کیئے گئے  ہاٹ سپاٹس کو مکمل کلیئر کرایا  جائے۔

کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ منشیات  کے مقدمات میں تفتیش کے میعار کو بہترنے کےلیئے تفتیشی افسران کے ٹریننگ سیشن کرائے جائیں تاکہ بہترین تفتیش کی بدولت سزاء یابی  میں اضافہ ہوا اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جاسکے، تمام اضلاع میں سنگین وقوعہ جات کی صورت میں  ڈسٹرکٹ کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرکے شواہد کو محفوظ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزی افسران تفتیش کی نگرانی کو یقینی بنائیں، مجرمان اشتہاریوں اور عدالتی مفروران   کے خلاف سپیشل مہم  کے تحت زیادہ سے زیادہ  کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور دوران گشت ای پولیس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے مشتبہ افراد کے شناختی کارڈ اورمشکوک گاڑیوں کے انجن و چیسز نمبر چیک کیے جائیں۔

 آر پی او نے ہدایت کی کہ منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائیں اور تعلیمی اداروں میں سمینارز اور عوامی مقامات پر لیکچرز دیئے جائیں۔