ڈیرہ غازی خان : فوڈ پوائنٹس پرچھاپے،غیر معیاری اشیاء تلف

51

ڈیرہ غازی خان، 13 ستمبر(اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں فوڈ پوائنٹس پرچھاپے مار کر بھاری جرمانے عائد کرنے کے علاوہ 288 لیٹر غیر معیاری مشروبات،40 لیٹر ملاوٹی دودھ،20 کلو ممنوعہ چائنہ سالٹ اور 15 لیٹر غیر معیاری آئل تلف کر دیا۔

 ترجمان فوڈ اتھارٹی جنوبی پنجاب کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر عوام تک معیاری خوراک پہچانے کا مشن جاری ہے اور فوڈ سیفٹی ٹیم نےمین بازار مظفرگڑھ میں ہوٹل کو ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 12 ہزار، ریلوے پھاٹک کے قریب ڈسٹری بیوٹر یونٹ کو ایکسپائرڈ مشروبات فروخت کرنے اور گامو شاہ جتوئی مظفرگڑھ میں ملک شاپ کو دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کرنے پریکساں 10 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیئے گئے۔اسی طرح بہاولپور ویکٹوریا ہسپتال کی کینٹین کو ملاوٹی دودھ بیچنے،کچن ایریا میں حشرات کی بھرمار پائے جانے پر 70 ہزار جبکہ کولڈ کارنر کو ناقابلِ سراغ،ایکسپائرڈ مشروبات کی فروخت کرنے پر 30 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔اس کے علاوہ بسرا پمپ یزمان بہاولپور میں گرائنڈنگ یونٹ کو ممنوعہ چائنہ سالٹ فروخت کرنے پر 20 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ظاہر پیر انٹرچینج خان پور رحیم یار خان میں 2 ہوٹلز کو کھانوں کی تیاری میں ملاوٹی مصالحے،گلی سڑی سبزیوں کا استعمال کرنے پر 22 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیئے گئے۔مزید برآں فورٹ عباس بہاولنگر میں چرغہ پوائنٹ کو کھانوں کی فرائز میں رینسڈ آئل کا استعمال کرنے پر 12 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔