ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے میں ڈاکووں سے مقابلہ کے دوران کانسٹیبل شہید

30

ڈیرہ غازی خان، 07 ستمبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے تھانہ شاہ صدر دین میں ڈاکووں سے مقابلہ کے دوران ایک کانسٹیبل شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او شاہ صدر دین عرفان مصطفی اپنی ٹیم کے ہمراہ پل بصیرہ کے قریب گشت پر تھے کہ ایک موٹرسائیکل جس پر تین شخص سوار تھے، پولیس کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل غلام حسن اور منیر احمد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ٹراما سنٹر ڈیرہ غازیخان منتقل کیا گیا۔بعد ازاں کانسٹیبل غلام حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان فوری ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان پہنچ گئے اور زخمی اہلکار کی عیادت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان حسن افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔آر پی او نے فرض کی راہ میں شہید ہونے والے اہلکار کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے اور واقعہ میں ملوث مجرمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

آر پی او کے حکم پر مجرمان کی گرفتاری کیلئے سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ مجرمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آر پی او نے کہاکہ زخمی اہلکار کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور واقعہ میں ملوث مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔