گوجرانوالہ،6ستمبر (اے پی پی): یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر نارتھ تھری اور اٹلس ہنڈا کی جانب سے کامونکی کے ایک نجی کالج میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر پٹرول آفیسر طاہر رشید طور، روڈ سیفٹی آفیسر محمد علی شیرازی، اٹلس ہنڈا کے سیفٹی مینیجر وحید اللّٰہ کالج کے پرنسپل محمد افضل مغل اور پروفیسر قیصر عباس نے شرکت کی۔
طلباء کو 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا گیا اور طلبا کے مابین تقریری مقابلہ کروایا گیا۔ اس کے علاوہ سڑک پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر روڈ سیفٹی کے حوالے سے بھی طلباء کو خصوصی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج کے دن کے حوالے سے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
اس موقع پر شہدء ستمبر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔











