فیصل آباد؛ 1965کی جنگ کے شہداکوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈویژنل ماڈل کالج میں تقریب

16

فیصل آباد،06ستمبر(اے پی پی):فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے زیراہتمام 6 ستمبر1965کی جنگ کے شہداکوخراعقیدت، غازیوں کو خراج تحسین اور ان کے خاندانوں  کو سلام پیش کرنے کیلئے ڈویژنل ماڈل کالج میں ای پروقارمرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد سلوت سعیداور مہمان اعزاز ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر عابد خان تھے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیر شیخ، سی پی او عثمان اکرم گوندل اور دیگر حکام سمیت کالج کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبابھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

 تقریب سے خطاب میں کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤاجدادکی لازوال قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،پاک فوج اور قوم اس کی حفاظت کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے سے گریز نہیں کرے گی،وطن عزیزکی آزادی کی قیمت اس قوم کو ہر روز چکانی پڑتی ہے اور اس قربانی کے ادراک سمیت اسکا احساس قوم کے ہر فرد میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بقول واصف علی واصف پاکستان ایک نور ہے اور نور کوکبھی زوال نہیں ہے تو انشااللہ یہ جو یوم دفاع پاکستان ہم آج منا رہے ہیں یہ دن یادگار کے طور پر ہے کہ یہ دفاع صرف سرحدوں کا نہیں یہ اس قوم کی پہچان، اس قوم کی انفرادیت، اس قوم کی ترقی ہر چیزکے دفاع کا دن ہے اور ہم انشااللہ ایک سیسہ پلائی دیوار کے طور پر ثابت ہوں گے۔

کمشنر نے کہا کہ کسی بھی طرح کی جارحیت اور کسی بھی طرح کے خلفشارسمیت کسی بھی طرح کی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے انشااللہ یہ قوم ایک تھی، ایک ہے اور ایک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ قابل تحسین اورقابل دادہے کہ ہمارے غازی جنہوں نے اس قوم اورملک کی حفاظت کیلئے کسی بھی طرح کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا اور وہ شہداءجنہوں نے اپنی دنیا کی سب سے قیمتی چیز جان کی پرواہ کئے بغیر ملک و قوم پر خود کو نثار کردیا ہم ان کا احسان ساری زندگی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی دہشت گردوں کے ساتھ برسرپیکار ہمارے جوان اپنی قیمتی جانوں کا مسلسل نذرانہ پیش کررہے ہیں لیکن ہماری فورسز اور قوم کے پایہ استقلال میں ایک لمحہ کیلئے بھی کبھی نہ لغزش آئی ہے نہ آئے گی اور دھرتی کو اس ناسور سے پاک کرنے کیلئے ہمارا شہادتوں کا سفر جاری رہے گا۔

ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان نے کہا کہ آج کے دن تمام بچے جو یہاں پر موجود ہیں عہد کریں کہ پاکستان کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اپنے پیارے قربان کر کے  اس کی بنیادوں کو قائم  رکھا ہے وہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے شہدا و غازیوں کی خدمات کے اعتراف میں شاندار وپروقار تقریب منعقد کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اوردعاکی کہ ہمارے شہیدوں نے جو قربانیاں دیں اللہ ان کو جنت الفردوس کے حسین گوشوں جگہ دے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔