اوکاڑہ؛پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے استقبال اور جلسہ میں شرکت کے لئے کارکنان کا جوش خروش

28

اوکاڑہ،21 اکتوبر( اے پی پی ): پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریاں مکمل ہوئیں۔ضلع اوکاڑہ سے چار سابق ایم این ایز اور آٹھ سابق ایم پی ایز 15ہزار سے زائد کارکنوں کو لے کر لاہور جلسہ گاہ میں پہنچیں گے۔سابق ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کا قافلہ 40 ویگنوں 25 بسوں 35 کوسٹرزاور 80 سے زائد کاروں میں سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں جن میں خواتین بھی شامل ہیں مینار پاکستان کی طرف رواں دواں ہیں۔

سابق ایم پی اے جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ ن اوکاڑہ منیب الحق چوہدری کی قیادت میں 35 بسوں پر سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں نے قافلہ میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ 21 اکتوبر کو قائد میاں محمد نواز شریف کا ایسا عظیم الشان استقبال ہوگا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سابق ایم پی اے میاں محمد منیر ضلعی صدر مسلم لیگ ن کی قیادت میں قافلے روانہ ہوئے سابق ایم پی اے ڈویژنل صدر میاں یاور زمان کی قیادت میں بھی شاہ بھور سے قافلے لاہور کی طرف روانہ ہوئے،سابق ایم این اے چوہدری ندیم عباس ربیرہ اور چوہدری رضا ربیرا کی قیادت میں بنگلہ گوگیرہ سے سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں کے قافلے لاہور جارہے ہیں۔

 سابق ایم این اے راومحمد اجمل اور سابق ایم پی اے علی عباس کھوکھر کی قیادت میں دیپال پور سے سینکڑوں مسلم لیگی کارکن لاہور جلسے کے لیے روانہ ہوئے، سابق ایم این اے میاں معین وٹو سابق ایم پی اے افتخار حسین چھچھر کی قیادت میں بصیرپور سے سینکڑوں مسلم لیگی کارکن لاہور جارہے ہیں۔

 مسلم لیگی کارکنان بڑی تعداد میں سابق ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کے ڈیرے بے نظیر روڈ پر پہنچے جہاں مسلم لیگی کارکنوں کے لیے پر تکلف ناشتے کا بھی انتظام کیا گیا۔ کارکنان نے نواز شریف کی لاھور آمد پرفلک شگاف نعرے بازی کی۔