بہاولنگر،28 اکتوبر( اے پی پی): اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حیدر اسٹیڈیم میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا،فیسٹیول کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نصیب اللہ تھے جبکہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عظمی بشیر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اسپورٹس فیسٹیول میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے اسکولوں کے طلباء اور طالبات نے کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات میں بھرپور حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ اسکولوں کی سطح پر اس طرح کی تقریبات کروانا انتہائی ضروری ہے اس سے بچوں میں کھیل کود کی دلچسپی بڑھتی ہے اور صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے مواقع فراہم کرنا بھی لازم ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوانوں نے زندگی کے باقی شعبوں کی طرح کھیل کے میدان میں بھی بڑے بڑے کارنامے انجام دے کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، ضلعی حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
اختتام پر پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔











