پشاور،9 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ تعلیم و ترقی کے ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں اسپورٹس گالا 2023 کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر نے سپورٹس گالا میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے پاک آرمی اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے باہمی اشتراک سے پانچ روزہ اسپورٹس گالا 2023 کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر گورنر نے اسپورٹس گالا میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو گورنر ہاؤس کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی اوراسپورٹس گالا کے انعقاد پر کور کمانڈر پشاور، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی اور اسپورٹس گالا کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر غلام علی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے اور کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہوتی جا رہی ہیں، اس لئے محکمہ تعلیم تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے کرانیکی ذمہ داری ادا کرے۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ بچوں کو کھیلوں کی تمام تر سہولیات فراہم کریں گے، کھیل کے مقابلوں میں حصہ لینے والے طالب علم ملک اور اپنے تعلیمی ادارے کے سفیر ہیں اسلئے ہم کھیلوں کو فروغ دیکر دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے۔











