تھرپارکر،4 اکتوبر،( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی صدارت میں انسداد پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے محکمہ صحت کے افسران سے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی نگرانی ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ضلع بھر میں 02 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ویکسین کے قطرے پلانے اور سکیورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے۔ اس مہم کے دوران کسی قسم کی کوئی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مہم کے دوران درپیش کسی بھی مسئلے کو بروقت حل کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس قومی کاز میں ہمہ وقت انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون آصف علی، ڈی ایچ او تھرپارکر محمد باقر جتوئی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











