ٹنڈو محمد خان،4 اکتوبر ( اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو غلام حیدر سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ رائس ملز مالکان کی جانب سے کاشتکاروں کے خلاف کسی قسم کی زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو غلام حیدر میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل سننے کے بعد ان کے جائز مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تحصیل کے کاشتکاروں کی شکایات سنیں، کاشتکاروں کی اکثریت نے رائس ملز مالکان کی زیادتیوں کی شکایت کی، کاشتکاروں نے بتایا کہ ہمیں کھاد سمیت یوریا سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر خرید کررہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سلیم راجپوت نے کاشتکاروں کو درپیش تمام مسائل سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی کے سامنے رکھنے سمیت فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نا ہو انہیں کاشتکاروں سے زیادتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، کاشتکاروں کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے رائس ملز مالکان اور کھاد ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کے ساتھ زیادتیوں سے باز آجائیں بصورت دیگر قانونی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔











