جلالپورپیروالا،25اکتوبر(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان عرفان احمد سعید نے کہا ہے کہ جج کا کام قانون کی روشنی میں فیصلے کرنا ہے اس سے ہٹ کر کوئی عمل کرنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے پٹڑی سے اُتر جاتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے جلال پور پیر والہ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ تقریب میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ جج نے کہا کہ جج حضرات اور وکلا متحد ہو کر اپنی اپنی ذمہ دارایاں ادا کریں اسی میں دونوں کی عظمت ہے۔انہوں نے وکلا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکالت میں اپنے استاد کی عزت کریں، ادب و احترام کرنے والے وکلا کامیابی کی منزلیں جلدی طے کرتے ہیں۔ انہوں نے جلال پور بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل میں اپنے کردار کی ادائیگی کا یقین بھی دلایا۔
سینئر سول جج ملتان مکرم حسین سپرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلال پور بار کے مسائل کے حل کے لیے بار کے منتخب عہدیداران سے رابطہ برقرار رکھوں گا۔ حال ہی میں تبادلوں کے بعد جلال پور جوڈیشل کمپلیکس میں چارج لینے والے سول ججز فیصل نسیم میر اور سید ذیشان حیدر نقوی نے اپنے خطابات میں کہا کہ وہ قانون کے تقاضوں کے مطابق عدالتی کیسز کے فیصلے کریں گے، جلال پور بار کے وکلا سے امید ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی کے لیے اچھے انداز میں عدالت کی رہنمائی کریں گے۔
صدر بار ایسوسی ایشن منور عباس لنگاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، سابق دسٹرکٹ جج ملتان اور موجودہ ڈسٹرکٹ جج ملتان کی کاوشوں سے جلال پور میں نئے بار روم کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے اور مسجد کی توسیع کے لیے 65a لاکھ روپے کے فندز جاری ہو گئے ہیں جس کے لیے ہم ان تینوں کے مشکور ہیں پارکنگ کے لیے 8 کنال اراضی کے حصول کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے امید ہے کہ جلد یہ کام بھی ہو جائے گا۔
تقریب کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے دیگر ججز اور بار عہدیداران کے ہمراہ ریکارڈ روم بلڈنگ کے زیر تعمیر کام کا جائزہ لیا اور پارکنگ کے لیے مجوزہ اراضی بھی دیکھی۔











