حیدرآباد؛ پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں  جاری ، 6 ملزمان، مال مسروقہ  برآمد

42

حیدرآباد،25 اکتوبر (اے پی پی): ٹنڈوآدم پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں  جاری ہیں ، 6 ملزمان کو  گرفتار کرلیا  گیا ہے  اور ایک مسروقہ کار، 7موٹرسائیکلیں برآمد کر لی  گئی ہیں  اور ملزمان  پر  مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

 اس حوالے سے ایس ایس پی سانگھڑ میر صدام حسین نے ڈی ایس پی آفس ٹنڈوآدم میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 اکتوبر کو تین ملزمان نے ریاض حسین شاہ سے سوئی گیس سٹاپ سے ڈکیتی کی تھی۔ جب کے آفتاب عالم کی جی ایل آئی کار چوری کے ملزمان فیضان راجپوت اور راشد راجپوت کو  3 پسٹل سمیت گرفتار کر کے مسروقہ کار برآمد کر لی گئی، دو ملزموں علی گل پرہیار اور غلام رسول خاصخیلی کو گرفتار کر کے انجمن تاجران کے رہنما حبیب بہلم اور ارشد چشتی کی مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔

ایس ایس پی سانگھڑ میر صدام خاصخیلی، ڈی ایس پی ٹنڈو آدم اعجاز میمن اور سٹی تھانے کے ایس ایچ او امتیاز کھاوڑ نے مل کر پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹنڈو آدم سٹی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر 20 کلو چرس، بھاری مقدار میں زہریلا گٹکہ ، کچی شراب برآمد کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک 313 چھپے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے جیلوں میں بھیجا ہے۔

 اس موقع پر ایس ایس پی نے ڈی ایس پی ٹنڈو آدم اور تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ فوری ایکشن لیتے ہوئے شہر میں جوئے کے اڈوں اور گیمز پر چھاپے مار کر انہیں بند کرائیں  کیونکہ شہر میں جاری گیمز سے طلباء اور معصوم بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔