جناح کالج پشاور تاریخی معیاری تعلیمی شہرت کا حامل ادارہ ہے؛ گورنر حاجی غلام علی

72

پشاور،2 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ جناح کالج پشاور تاریخی معیاری تعلیمی شہرت کا حامل ادارہ ہے، جس نے طلبہ کی زندگیوں میں کامیابیاں سمیٹنے کا سفر جاری رکھا ہوا ہے، اسلئے طلبہء کو اپنے قیمتی وقت کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جناح وویمن کالج کے اسمبلی گراونڈ کی فرش بندی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، جہاں پشاور اپ لفٹ منصوبہ فیز 2 کے تحت جناح کالج کی 24500 اسکوائر فٹ پر فرش بندی مکمل کی گئی ہے۔

گورنر کو ڈائریکٹر پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز 2 عبدالغفور نے منصوبہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ بریفنگ کے دوران گورنر کو بتایا گیا کہ 135 ملین روپے کی لاگت سے جناح کالج روڈ کی تعمیر، واش رومز کی تعمیر، انتظار گاہ کیلئے شیڈز کی تعمیر اور فٹ پاتھ کی تعمیر اس منصوبہ کا حصہ ہیں، جبکہ پشاور اپ لفٹ منصوبہ فیز 2 کے تحت تمام تعمیراتی کام نومبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر نے جناح کالج کے ہال کی بھی جدید طرز پر تزئین و آرائش کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 42 سال سے پشاور کے تعلیمی اداروں کی بہتری و سہولیات فراہمی کیلئے کوششیں کر رہا ہوں، جو پرائمری اسکول بنائے تھے آج وہ انٹر کالجز کا درجہ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر صوبہ اور عوام کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پرنسپل جناح کالج نے سالانہ یوم والدین کی تقریب میں گورنر کیجانب سے فرش بندی کے وعدہ کی تکمیل پر گورنر کا دلی شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں کمشنر پشاور محمد زبیر، پرنسپل جناح وویمن کالج، رجسٹرار پشاور یونیورسٹی، سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمان سمیت طالبات و اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔