ساہیوال،21 اکتوبر( اے پی پی ): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا ایک بڑا کام مکمل ہو گیا ہے جس دوران72انچ، 56انچ اور42انچ کے پائپ ڈالے گئے۔ اس سیوریج منصوبے کے شروع ہونے سے مڈھالی روڈ اور ملحقہ علاقوں کے سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔
انہوں نے پسپ حکام پر زور دیا کہ اب پوری توجہ اس اہم سڑک کی بحالی پر مرکوز کی جائے جو کئی ماہ سے سفری مشکلات اور ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہیں،انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں سٹی مینجر محمد اسجد خان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے شہر کی مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر تجاوزات کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ میونسپل آفیسر کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کاروائیاں کریں اور ضبط شدہ سامان کو نیلام کریں۔











