سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد کا دورہ ساہیوال، پسپ پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ

38

ساہیوال،28اکتوبر(اے پی پی):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد کا دورہ ساہیوال، پسپ پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور چینی کمپنی کی طرف سے جاری کام کی سست رفتاری پر شدید اظہار ناراضگی کیا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا  کہ کمپنی کو معاہدے کے تحت جرمانہ کیا جائے، عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں تمام انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں گئے۔انہوں نے ٹائم لائن کے مطابق کام نہ کرنے پر اظہار ناراضگی کیا اور کمشنر ساہیوال کو درخواست کی کہ تمام جاری کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے پاک پتن روڈ، علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹریٹ، مال منڈی چوک اور محمد پور ڈسپوزل سٹیشن پر جاری کام کا معائنہ کیا اور موقع پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے محمد پور ڈسپوزل سٹیشن کے کام کی سست روی پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چینی کمپنی کے حکام پر زور دیا کہ وہ معاہدے کے مطابق کام کو مکمل کرنے کے لئے افرادی قوت میں اضافہ کریں۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے پسپ کے منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لینے پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی مسلسل مانیٹرنگ سے منصوبوں کی تیز رفتار سے تکمیل ممکن ہو گی۔ کمشنر ساہیوال نے بتایا کہ وہ روزانہ صبح پسپ منصوبوں پر کام کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ مختلف محکموں کے درمیان روابط کو بہتر بنایا جا سکے اور درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کیا جا سکے۔

سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ پر کارپٹنگ کا عمل جاری ہے جو ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گاجس سے شہریوں کو درپیش مشکلات بڑی حد تک کم ہونگی۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پروگرام ڈائریکٹر پسپ محمد حمزہ سالک، ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ شاہد لطیف، چیف انجینئر پسپ شیخ محمد طاہر اور سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔