ملتان،03 اکتوبر(اے پی پی ): عرفات منہاس ایشئن گیمز میں ڈیبیو کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹر بن گئے ہیں ، عرفات منہاس، انٹرنیشنل کرکٹر صہیب مقصود کے کلب کے ممبر ہیں، صہیب نے عرفات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
کرکٹر عرفات منہاس لیفٹ آرم سپنر و مڈل آرڈر بیٹر ہیں ۔انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف ڈیبیو انٹر نیشنل میچ میں آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
صہیب مقصود نے عرفات منہاس کے بارے میں کہا کہ عرفات نے چھوٹی عمر میں انٹر نیشنل کرکٹر بننے کااعزاز حاصل کیا اور وہ طویل عرصہ پاکستان کیلئے کھیلنے کا ٹیلنٹ رکھتے ہیں۔
عرفات کے کوچ طاہر محمود اور والد کاشف منہاس نے کلب پر مٹھائی تقسیم کی۔ عرفات منہاس کے والد کاشف اور چچا نعمان نے کہا کہ آج ان کے خاندان کیلئے خوشی کا بڑا دن ہے۔











