قصور۔19اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے سبزی و فروٹ منڈی‘کریانہ مارکیٹ اور نجی بس اڈے کا اچانک دورہ کیا۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی بلال بھٹی اور مارکیٹ کمیٹی کے دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرقصور نے منڈی میں سبزیوں کی بولی کے عمل کو چیک کیااور انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کے مختلف سٹالز کا معائنہ کر کے قیمتوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں صفائی ستھرائی اور مارکیٹ عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کریانہ مارکیٹ دورہ کے دوران ریٹ لسٹوں کی دستیابی کو چیک کیا۔ چاول، دالیں، چنے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کی تمام دوکانداروں کو ضلعی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے نجی بس اڈاے کا بھی دورہ کیا اور کرایوں میں کی گئی کمی کے حوالے سے مسافروں سے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشد ھٹی نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر قصورنے کہاکہ تمام اشیاء کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈی سی قصورنے کہاکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔











