قصور،28اکتوبر(اے پی پی): اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سپورٹس گالا 2023ء کا انعقاد کیا گیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اتھارٹی ملک محمد ندیم انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سپورٹس گالا کا آغاز رنگ برنگے غبارے ہوا میں چھوڑکر کیا گیا،سپیشل بچوں نے ٹیبلو بھی پیش کیا، سپیشل طلباء و طالبات کے درمیان کرکٹ میچ اور ریس کے مقابلہ جات کروائے گئے۔
سی ای او ایجو کیشن ملک محمد ندیم انور نے سپورٹس گالا میں شرکت کرنیوالے سپیشل بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ صلاحیتوں کے اعتبار سے سپیشل بچے کسی طرح بھی عام بچوں سے کم نہیں ہیں، ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے کہ سپیشل بچوں کو روز مرہ معمالات باآسانی ادا کرنے کے قابل بنانے میں اپناا کردار ادا کریں۔
ملک محمدندیم انورنے تقریب کے اختتام پر سپورٹس گالا کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالے سپیشل طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
سپورٹس گالا میں ضلعی فوکل پرسن سپیشل ایجو کیشن نصیر اقبال سندھو،سپیشل اداروں کے سربراہان مشتاق اقبال چوہان، ڈاکٹر لطیف احمد کمبوہ،حیدر علی سپیشل سکولوں کے طلباء و طالبات، اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔











