محسن نقوی کا گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول وحدت روڈ کا دورہ، کلاس رومز کا معائنہ، بچوں سے ملاقات

37

 

لاہور2اکتوبر ( اے پی پی ) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے آج گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول وحدت روڈ کا دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کلاس رومز کا معائنہ کیا، بچوں سے ملاقات کی اور آشوب چشم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے آشوب چشم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکول میں موجود اساتذہ سے ٹیچرز کی تعداد کے حوالے سے پوچھا تو انہیں بتایاگیا کہ گیارہویں اور بارویں کلاسز کے طلباء کو پڑھانے کے لیے گزشتہ 7برس سے کوئی ٹیچر نہیں۔ سکول کے 1650 طلباء کے لیے مجموعی طور پر 60ٹیچرز ہیں جبکہ 35 ٹیچرزالیکشن کمیشن کی ڈیوٹی پرہیں اور 10ٹیچرز بیرون ملک، ڈیپوٹیشن اور چھٹی پر ہیں اورصرف 15ٹیچرز1650بچوں کو پڑھانے کے لئے سکول میں موجود ہیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے واٹر فلٹریش پلانٹ کا معائنہ کیا اورزنگ سے بھرے واٹر فلٹر دیکھ کر سخت برہمی کااظہار کیا اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سی ای او ایجوکیشن کی سرزنش کی۔محسن نقوی نے کہاکہ بچوں کوپانی نہیں زہر پلایا جارہا ہے۔بچوں کو آلودہ پانی پلانے جیسی سنگین غفلت کا کون ذمہ دار ہے۔ کیا ہم اپنے بچوں کو اس زنگ آلود واٹر فلٹر کا پانی پلا سکتے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی کے سوالات کاحکام جواب نہ دے سکے۔کلاس میں موجود بچوں نے وزیراعلی محسن نقوی کو ٹیچرزکے نہ آنے کا بتایا۔بچوں نے وزیراعلی کو بتایا کہ ٹیچرز آتے ہیں توکلاس میں موبائل پر لگے رہتے ہیں یا سو جاتے ہیں۔کل اسلامیات کا پیپر ہے اور ہمیں آج تک کسی نے اسلامیات پڑھائی نہیں۔محسن نقوی نے کہاکہ بچوں کا کل پیپر ہے اور انہیں اسلامیات پڑھائی نہیں گئی اس سے زیادہ صورتحال کیا خراب ہوگی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ پہلے بچوں کو اسلامیات پڑھائی جائے اور پھر امتحان لیاجائے۔وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزیرتعلیم منصور قادر کو فوری طور پرسکول بلایا جبکہ سیکرٹری سکول،سی ای او ایجوکیشن کو بھی فوری طور پر طلب کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ اساتذہ کی کمی ہے تو آپ نے کنٹریکٹ پر کیوں بھرتی نہیں کی،یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے واش بیسن اور واش رومز کا بھی جائزہ لیا جہاں صابن تک موجود نہیں تھا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کیا ہم اپنے بچوں کے لئے اس طرح کی صورتحال برداشت کر سکتے ہیں۔وزیر اعلی نے سکول انتظامیہ اور محکمہ سکولز کے افسران کوآج شام وزیر اعلی آفس میں طلب کر لیا۔