معیشت بہتر بنانےاور مشترکہ منصوبوں کے تحت سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں؛صدرمملکت

50

 

کراچی،28اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت بہتر بنانےاور مشترکہ منصوبوں کے تحت سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے تحت بیرونی سرمایہ کاری لانے ، کاروبار کرنے میں آسانی اور بروقت فیصلہ سازی ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر ڈالنے کیلئے ضروری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں 15ویں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی)کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ  کامران خان ٹیسوری نے بھی شرکت کی۔

 صدرمملکت نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہے،پاکستان کے پاس بے پناہ صلاحیت ہے جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے آر ای اے پی کو 300ملین ڈالر کی برآمدات سے 3 بلین ڈالر تک کے سفر پر مبارکباد دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے آر ای اے پی کے ممبران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جوائنٹ وینچرز کی طرف بڑھیں اور چاول کی ویلیو ایڈڈ اشیا ءپر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ بریانی فیسٹیول ایک اچھا خیال ہے اور یہ ایک ویلیو ایڈیشن ہے۔ انہوں نے آر ای اے پی کو ایوان صدر میں میلہ منعقد کرنے کی دعوت بھی دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چاول کے تحقیقی اداروں کو بین الاقوامی مارکیٹ سے مزید استفادہ حاصل کرنے کے لئے بحال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے آر ای اے پی کے مطالبے پر کہا کہ حکومت اور آر ای اے پی کو مشترکہ طور پر مارکیٹ پر مبنی ادارے قائم کرنے چاہئیں۔