جدہ،28اکتوبر(اے پی پی ): یوم سیاہ کشمیر اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کئے جانے والے مظالم کیخلاف پاکستانی قونصلیٹ میں تقریب منعقد ہوئی ،جس میں اہم سعودی شخصیات سمیت پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
تقریب میں مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت گزشتہ 76 سالوں سے خون کی ہولی کھیل رہا ہے اور اسی طرح اسرائیل بھی فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے مگر عالمی برادری خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو فوری طور پر حل کیا جائے اور دنیا دوہرا معیار چھوڑ کر فلسطین اور کشمیر کی عوام کو حقوق دلائے ۔
قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل دنیا کا امن تباہ کرنے کے در پہ ہیں اور اقوام متحدہ کی نا صرف قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کو بھی بالا طاق رکھ کر لوگوں کا خون بہا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا کے ہر فورم پر ان کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
معروف سعودی شخصیت خالد الخامدی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
تقریب سے کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود پوری کے خطاب کے علاوہ کشمیری رہنماء صفی اللہ اور مشال ملک کے ویڈیو پیغامات دکھائے گئے۔











