ملتان،3 اکتوبر( اے پی پی): پی ایچ اے ملتان نے فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین میں واٹر کولرز تقسیم کر دیے ہیں۔ اقدام کا مقصد فیلڈ میں کام کرنے والے مالیوں اور سکیورٹی گارڈز کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ تین زونز میں درجن سے زائد واٹر کولرز تقسیم کیے گئے ہیں،ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف روف خان نے ملازمین میں واٹر کولر ز کی تقسیم کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد اختر منڈھیرا بھی موجود تھے، انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ سو کلومیٹر سے زائد گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ مالیوں کی شب و روز محنت سے ملتان گرین ہو رہا ہے، گرین بیلٹس پر کام کرنے والے مالیوں، سکیورٹی گارڈز اور سوئیپرز کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے، جس کی انجام دہی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی تعمیر و ترقی میں مالیوں کا اہم کردار ہے۔ جن کو حقوق کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ادارہ بتدریج ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔











