ملتان؛ہسپتالوں میں ہجوم کم کرنے کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کرنا ضروری ہیں،زاہدہ بتول

38

ملتان، 12اکتوبر (اے پی پی ): ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن جنوبی پنجاب زاہدہ بتول نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ہجوم کم کرنے کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کرنا ضروری ہیں، اسی لئے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سکول ہاکی لیگ کا آغاز کیا ہے۔

وہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ہاکی لیگ سیزن 3 کے افتتاح کے بعد گفتگو کررہی تھیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری شیخ محمد رفیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی پی آئی زاہدہ بتول نے  کہا کہ نئی نسل میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہاکی لیگ کا آغاز کیا گیا ہے، والدین کو چاہئے کہ سکول اوقات کے بعد بھی بچوں کو ہم نصابی سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔

 ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن شیخ محمد رفیق نے کہا کہ گیجٹس اور ان ڈور سرگرمیوں میں الجھی ہوئی نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان میں لائے بغیر صحت مند قوم نہیں بن سکتی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ طلباءو طالبات کی جسمانی سرگرمیوں کے لئے بہترین مواقع فراہم کررہا ہے۔

افتتاحی میچ ضلع خانیوال اور ضلع ملتان کی گرلز ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔خانیوال اور ملتان کی ٹیموں سے زاہدہ بتول ڈی پی آئی اور شیخ محمد رفیق ڈی ای او سیکنڈری کا تعارف بھی کروایا گیا۔ افتتاحی میچ میں ضلع ملتان کی ٹیم نے ضلع خانیوال کو 2صفر سے ہرادیا جبکہ ہاکی لیگ سیزن 3اگلے 2روز تک جاری رہے گی۔