ملتان، 28 اکتوبر(اے پی پی ):کمشنرانجینئر عامر خٹک نے ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے مختلف امور بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے انسدادِ سموگ، انسداد ڈینگی مہم کی کارروائیوں میں تیزی لانے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ بیکری آئٹمز، ہوٹلوں میں سالن، روٹی نان کی قیمت و وزن کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مارکیٹس میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں،جو پرائس کنٹرول کام نہیں کررہے انکے اختیارات کی معطلی بارے حکومت پنجاب کو لکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنرز نے مختلف امور بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں ایک دن میں 46 میرج ہالز چیک کئے گئے،خلاف ورزی پر 2 کے مینجر گرفتار،45 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ڈویژن کے 136 پرائس مجسٹریٹس نے 7459 انسپکشن کئے۔203 خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ، 10 افراد گرفتار کئے گئے۔41 گاڑیاں چیک،3 کا چالان،1 ضبط،15000 روپے جرمانہ کیا گیا۔35 خشت بھٹہ جات کی انسپکشن، 2 کو نوٹس جاری، 3 مقدمات درج، 3 سربمہر، 13 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔6 انڈسٹریل یونٹس انسپکشن، 1 کو نوٹس جاری کیا گیا۔ زرعی باقیات جلانے والے 11 مقام کی نشاندہی پر 18 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔











