ملتان، 10 اکتوبر (اے پی پی ): سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام دماغی امراض کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کی۔ واک کا مقصد عوام کو ذہنی صحت کی اہمیت، دماغی امراض کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں دماغی صحت کے حوالے سے مختلف پیغامات درج تھے۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا کہنا تھا کہ ہر سال افراد کی بہت بڑی تعداد کسی نہ کسی ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار رہتی ہے اور اس کی روک تھام کیلئے عوام میں ذہنی امراض کی ابتدائی علامات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے واک کے انعقاد پر سربراہ شعبہ سائیکاٹری حافظ شفیق احمد سمیت دیگر منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
دیگر شرکاء میں ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، سربراہ شعبہ سائیکاٹری نشتر ہسپتال ڈاکٹر حافظ شفیق احمد سمیت دیگر سینئر فیکلٹی ممبران اور شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











