نشتر ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر 936.56 ملین روپے لاگت آئے گی،کمشنر ملتان عامرخٹک

28

ملتان۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):کمشنرملتان انجینئرعامرخٹک نے کہاہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کررہی ہے،نشتر ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر 936.56 ملین روپے لاگت آئے گی۔یہ بات انہوں نےنشتر ہسپتال کےدورے کے دوران تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیتے ہوئے کی۔انہوں نے کہاکہ اپ گریڈیشن  کے دوران  درست حالت میں موجود چیزوں کو ضائع نہ کیا جائے،تعمیراتی کام جلد مکمل کرکے مریضوں اور  لواحقین کو سہولیات فرا ہم کی جائیں۔ ایکسئین بلڈنگ حیدرعلی نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وارڈ نمبر 4,13,17,20,26,12 کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ایم اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ اور  فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔حیدرعلی نے بتایاکہ نشتر ہسپتال کی اپ گریڈیشن 31 جنوری 2024 تک مکمل کرلی جائے گی۔وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹررانا الطاف نے اس موقع پربتایاکہ ڈینگی کے مریضوں کو وارڈ نمبر27 میں داخل کیا گیا ہے،اس وقت وارڈمیں 50 کی کپیسٹی ہے اوروارڈمیں 30 مریض زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں ڈینگی مریضوں کیلئے 4 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔اس موقع پرڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق ،ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر رائو امجد اور  ڈاکٹر علی مہدی بھی موجودتھے۔