نواز شریف کے استقبال کےلیے خیبر پختونخوا سے  20 اکتوبر کو  قافلہ روانہ ہوگا، صوبائی صدر ن لیگ انجینئر امیر مقام

25

پشاور۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے استقبال کےلئے خیبر پختونخوا سے عوامی قافلہ 20 اکتوبر کو لاہور کی طرف روانہ ہوگا۔ جمعرات کو  پشاور پریس کلب میں ”میٹ دی پریس ” سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور خیبر پختونخوا کے عوام کا جذبہ متاثرکن ہے اور وہ اپنے محبوب قائد کا تاریخی استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنا ہے  ۔ انہوں نے پاکستان کےلیے نواز شریف کے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی جن میں موٹرویز اور ہائی ویز کی تعمیر، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور دہشت گردی کا صفایا کرنے کے علاوہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا شامل  ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت نے قومی گرڈ میں 12,000 میگاواٹ بجلی شامل کی  اور 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور ہونے کے بعد نواز شریف کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے پشاور پریس کلب کے لیے پانچ لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔