نوشہرہ ورکاں؛بزم نعت رحمة للعالمینﷺکے زیر اہتمام ردائے زہرہ سکیم کے تحت 25 یتیم و مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں

23

نوشہرہ ورکاں،8 اکتوبر( اے پی پی): بزم نعت رحمتہ للعالمین ﷺنوشہرہ ورکاں کے زیر اہتمام اور راﺅ امجد علی، راﺅ ارشد علی کی زیرنگرانی ردائے زہرہ سکیم کے تحت اس سال بھی 25 یتیم اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں بخیرو خوبی انجام پا گئیں۔

اجتماعی شادیوں کی خوبصورت تقریب السید مارکی نوشہرہ ورکاں میں منعقد ہوئی بزم کے روح رواں راﺅ امجد علی خاں نے “اے پی پی”  سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں برس بھی 25بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی گئی ہیں اور بہن بھائی کو بھی اسی پنڈال میں شادی کا موقع ملا، ہر سال کی طرح خوبصورت تقریب کا انعقاد ہوا اور السید مارکی نوشہرہ ورکاں میں 25جوڑوں کی رخصتی کے موقع پر مہمانوں کا ہجوم دیکھا گیا ، باراتوں کا استقبال کیا گیا اور دلہوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔

 انگلینڈ سے آئے مہمانوں محمد بابر، جابر محمود، مجاہد علی اور معززین علاقہ نے خصوصی تحائف اور جہیز پیش کیے ۔بزم نعت کے زیر اہتمام آج تک 363 مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں اور اس مرتبہ فی دلہن کو سوا دو لاکھ کا جہیز اور دلہوں کو گھڑیاں اور مالائیں پہنانے کے علاوہ سلامیاں بھی دیں گئیں، مہمانوں کو مشروب اور لنچ بکس دیے گئے، اجتماعی شادیوں کی پر وقار تقریب میں سابق ایم این اے اظہر قیوم ناہرا اور امریکہ سے سیٹھ محمد لطیف خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ بزم نعت کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کا ہر سال کا سلسلہ محض اللہ رب العزت کی خوشنودی کے لیے ہے، تقریب کے اختتام پر دعائے خیر کرانے کے ساتھ ہی خصوصی مہمانوں کو بزم نعت کی جانب سے شیلڈ زدیں گئیں۔