نیشنل ریزیلنس ڈے ؛ اوکاڑہ میں آگاہی ریلیاں و سیمینارز کا انعقاد

30

اوکاڑہ،08اکتوبر(اے پی پی): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 اوکاڑہ نے ضلع بھر میں 8اکتوبر2005ء کے ہولناک زلزلے میں جاںبحق اور زخمی ہونے والے افراد کی یاد میں“ نیشنل ریزیلنس ڈے” منایا۔ اس دن کو منانے کا مقصدعوام الناس میں شعور آگاہی کو بیدار کرنا ہے کہ حادثات سے نبرد آزما ہونے سے قبل ہم کس طرح کی تیاری کرنی چاہیے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

اس سلسلے میں سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈسڑکٹ ایمرجنسی آفیسراوکاڑہ ظفراقبال نے کی جس میں ریسکیو سیفٹی آفیسر عائشہ سہیل،میڈیا کوارڈینٹرعدنان بشیر، ریسکیورز،سول سوسائٹی کے افراد اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرظفر اقبال کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد ریسکیو1122 نے اپنی ڈیزاسٹرٹیموں کو تیارکیا بلکہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انسراگ (INSARAG) کے ساتھ سرٹیفائیڈ کروا کر ساوتھ ایشیا ءکی پہلی ٹیم بننے کا اعزازحاصل کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اس قابل ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتیں ہیں جن کا عملی مظاہرہ ترکی میں آنے والے زلزلے اور حالیہ سیلاب میں بھی کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گھر کے ہر فرد کو چاہئے کہ ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں، ریسکیوکیڈٹ کوراور پاکستان لائف سیور پروگرام کا حصہ بنتے ہوئے کسی بھی قسم کے حادثہ کی صورت میں فوری طورپر خون کو روکنے اور بیہوش ہونے کی صورت میں سی پی آر کرنے کے بارے میں آگاہی لیکچرز لیں اور محفوظ معاشرہ کے قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

“ نیشنل ریزیلنس ڈے” کے حوالے سے مکہ لیب تحصیل روڈ اوکاڑہ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دیپالپور، الخدمت ویلفیئر کونسل رینالہ خورد اورالمدینہ ہسپتال رینالہ خوردمیں آگاہی سیمینارز اور واکس کا اہتمام بھی کیا گیا۔