حب(اے پی پی نیوز): نگران صوبائی وزیر صنعت بلوچستان پرنس احمد علی احمدزئی کی زیر صدارت لیڈا حب میں اسپیشل اکنامک زون کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں منصوبے کے مسائل و جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق انہیں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اسپیشل اکنامک زون تین ارب کی لاگت سے صنعتی ترقی کا اہم منصوبہ ہے،حب منصوبے پر ابتک 558 ملین لاگت کے ترقیاتی کام ہو چکے ہیں۔
نگرانی صوبائی وزیر صنعت پرنس احمد علی احمدزئی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف منصوبوں کیلئے دو ارب وفاقی حکومت اور ایک ارب روپے حکومت بلوچستان مہیا کر رہی ہے، منصوبے کے تحت روڈ نیٹ ورک اور دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں، جدید ترین فائر بریگیڈ اسٹیشن، ٹیکنیکل سینٹر ہیلتھ کیئر سینٹر، پولیس اسٹیشن سینٹر بنایا جا رہا ہے۔
نگران صوبائی وزیر صنعت بلوچستان پرنس احمد علی احمدزئی نے کہا کہ حب اسپیشل اکنامک زون کی ترقی کیلئے صنعتکاروں کی مشاورت سے حکومت بلوچستان اقدامات اٹھا رہی ہے، حب اسپیشل اکنامک زون کی ضروریات کیمطابق پانی بجلی اور گیس و دیگر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رکھی جائے گی۔
نگران صوبائی وزیر نے لیڈا منیجمنٹ کو ہدایت کی کہ حب اسپیشل اکنامک زون کی توسیعی منصوبے کیلئے درکار اراضی حصول کیلئے ایس ایم بی آر سے رحوع کیا جائے، پرائیویٹ اور سرکاری لینڈ ایکویزیشن کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسڑیشن سے کوآرڈینیشن میٹنگ کی جائے۔
نگران صوبائی وزیر بلوچستان صنعت نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے نگران وزیراعظم پاکستان کا تعلق بھی ہمارے صوبہ بلوچستان سے ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معاشی ترقی کیلئے صنعتی شعبے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے،بلوچستان کے صنعت کاروں کا وفد جلد وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے جلد ملاقات کریگا، بلوچستان میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل حل کرنے میں حکومت دلچسپی لے رہی ہے۔











