پشاور،13اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق صدر غلام اسحاق خان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید کمانڈنٹ صفوت غیور کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی ۔جمعہ کو پشاور کے دورے کے دوران وزیراعظم نے سابق صدر غلام اسحاق خان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید کمانڈنٹ صفوت غیور کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کی قبر پر بھی گئے ،فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے نے شہید صفوت غیور کو سلامی بھی پیش کی ۔ وزیراعظم نے شہید صفوت غیور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید صفوت غیور نے ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا، ہم ملک کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے مقروض ہیں جنہوں نے اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں اپنی جانیں قربان کیں ۔











