ٹنڈومحمدخان، 13 اکتوبر(اے پی پی):مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی، مسجد علی سے پریس کلب تک نکالی جانے والی ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، دوران ریلی پورا شہر نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور مسجد اقصی کی ازادی اور فلسطینی عوام زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
مولانا محب علی بھٹو، سجاد ڈومکی، مولانا زوالقرنین حیدری سمیت دیگر نے مظاہرین سے خطاب کے دوران کہا کہ مجلس وحدت المسلمین اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، فلسطینی عوام نے ستر سالوں تک یہودیوں کے اذیت ناک تشدد کو برداشت کیا، ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں مجلس وحدت المسلمین کا ایک ایک سپاہی فلسطینی عوام کے ساتھ ہے۔











