لاہور20اکتوبر( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اچانک ملتان پہنچ گئے اوروزیراعلی محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ،آوٹ ڈو ر، زیرتعمیر ایمرجنسی،ویٹنگ ایریا،ایڈمن بلاک اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے فارمیسی، آپریشن تھیٹرز، سی ٹی سکین اور بیسمنٹ کا بھی وزٹ کیا۔سیکرٹریزصحت اور تعمیرات و مواصلات نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔محسن نقوی نے تعمیراتی اور دیگر امور کو جلد مکمل اور نشتر ٹو کو فنکشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نشتر ٹو ہسپتال ملتان اور گرد و نواح کے عوام کی اشد ضرورت ہے۔نشترٹو کی تکمیل سے نشترہسپتال پر بوجھ کم ہوگا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نشتر ٹومیں او پی ڈی اور دیگر وارڈز چل رہے ہیں،31دسمبر تک نشتر ٹو پراجیکٹ مکمل کر لیاجائیگا۔ گنجائش سے زیادہ بچوں کے علاج پر ہسپتال او رڈاکٹر کو کریڈٹ دینا چاہیے۔ ہسپتال میں 300کی گنجائش کے باوجود 900بچوں کا علاج ہونا قابل تعریف ہے۔ہسپتال او رڈاکٹرز نے آنے و الے مریضوں کو واپس نہیں بھیجا۔اصولی طورپر ہسپتال کی گنجائش پوری ہونے کے بعد ڈاکٹر علاج کے پابند نہیں۔بلوچستان اور سندھ سے بھی لوگ علاج کے لئے ملتان کے ہسپتالوں میں آرہے ہیں۔چند گھنٹوں میں بیڈز پر 3کی بجائے ایک ہی بچہ ہوگا لیکن باقی 2علاج سے محروم رہ جائیں گے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل کرایاجائے گا۔انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دن رات محنت کررہے ہیں۔چلڈرن ہسپتال ایمرجنسی دسمبر کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی۔ ہسپتالوں کو ری ویمپ کرنے کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔











