لاہور16اکتوبر( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10فیصد تک کمی کردی گئی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے لاری اڈا کا تفصیلی دورہ کیا اورٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بسوں میں سوار مسافروں سے ملاقات کی اوران سے کرایوں میں کمی کے بارے میں پوچھا۔مسافروں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بتایا کہ پشاور جانے کا کرایہ پہلے 2200تھا اب 2ہزار ہوگیا ہے اور200روپے کی کمی ہوئی ہے۔مسافروں نے بتایا کہ فیصل آباد جانے کا کرایہ850سے کم ہوکر 800روپے ہوگیا ہے اور50روپے کم ہوئے ہیں،اسی طرح وینز میں سفر کرنے والے مسافروں نے بتایا کہ پہلے کرایہ 500روپے تھا آج سے 450روپے ہوگیا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاری اڈا میں بسوں،کو چزاوروینز میں سوار متعدد مسافروں سے کرایوں میں کمی کے حوالے سے پوچھا۔مسافروں نے کرایوں میں کمی پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ صوبے کے عوام کوریلیف دینا ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی جو ہرحال میں نبھاؤں گا۔ صوبائی وزراء عامر میر،ابراہیم حسن مراد،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔











