ملتان،07 اکتوبر(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت اور زراعت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار بڑھانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے بہت محنت کی ہے،جس وجہ سے اس سال 10 ملین سے زائد کپاس کی گانٹھیں حاصل ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم کپاس کے حوالے سے پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں کیا۔ نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا کہ کپاس کا عالمی دن منانے کامقصد کپاس کی اہمیت کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ میں زراعت کے فروغ کیلئے 10 سالہ پلان دے دیں گے، پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے اہم اقدامات کرنے ہیں،گریٹر تھل کنال منصوبہ مکمل کیا جائے گا،پوٹھوہار ریجن میں 58 سمال ڈیمز فعال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر اضافہ کرنا ہے، کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں باہمی سائنسی و تجارتی روابطہ کو بھی بڑھانا ہےاورکپاس کی انڈسٹری کو جدید تحقیق کے مطابق استوار کرنا ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، کسانوں کو اعلی معیارکے بیچ و زرعی زہروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سیکرٹری زراعت حکومت پنجاب افتخار علی سہو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بنیاد زراعت اور زراعت کی بنیاد کپاس پر ہے، اپریل میں کپاس کی بحالی کے لئے شروع کئے گئے سفر کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں، اس سال کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں 50 فیصد اضافہ کیا.کپاس کی اس سال دوگنی پیداوار حاصل ہوگی۔
تقریب میں ماہرین زراعت نے اپنی پریزنٹیشن اور تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق وفاقی وزراء سید خورشید شاہ، عبدالرحمن کانجو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر ، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی راؤ آصف علی، چئیرمین پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی ایشن وحید ارشد، زرعی ماہرین، کاشتکاروں، صنعت کاروں غیر ملکی مندوبین کی بھی موجود تھے۔











