پشاور؛ تحریک لبیک کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

43

پشاور، 27اکتوبر(اے پی پی): تحریک لبیک پاکستان پشاور کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے احتجاجی مظاہرہ پشاور پریس کلب کے سامنے منعقد ہوا جس کی قیادت سید شکیل علی شاہ یشوع دلاور نے کی۔ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

 اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک لبیک شعبہ نشر و اشاعت ضلع پشاور کے ناظم سید شکیل علی شاہ نے کہا کہ کشمیر 27 اکتوبر 1947 ءکو بھارت نے غاصبانہ قبضے کا آغاز کرتے ہوئے اپنی افواج کشمیر میں داخل کیں اور کشمیروں کی حق آزادی اور خود ارادیت پر شب خون مارا اور ان کی ازادی کو سلب کرنے کی کوششیں شروع کی۔

 اسی وجہ سے 27 اکتوبر کو ہر سال کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جاتا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف دنیا کو بیدار کرنے کی آواز اٹھائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جب تک کشمیر کے عوام کو آزادی نہیں مل جاتی تب تک پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت و مدد جاری رکھے گا اور ان کی خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔