لاہور 17اکتوبر( اے پی پی ):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرزکا ویڈیو لنک اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے پنجاب حکومت متحرک ،چیف سیکرٹری کی اشیاء ضروریہ کے نرخوں کی مانیٹرنگ کیلئے تمام انتظامی افسران کو فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت کی۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچایا جائے، تیل کی قیمتوں میں کمی سے اشیاء کی نقل و حرکت کے اخراجات کم ہوں گے۔اخراجات میں کمی کے تناسب سے اشیاء خورونوش کے نرخوں، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لائی جائے۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اشیاء خورونوش کے نئے نرخ، ٹرانسپورٹ کرائے نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے انتظامی افسران کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔سپیشل برانچ اور اربن یونٹ کو پرائس کنٹرول کے حوالے سے مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں اشیاء کی قیمتوں کیساتھ طلب اوررسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے مختلف شہروں میں سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں فرق کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے سیکرٹری صنعت کوہدایات جاری کی۔سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث اگلے دو سے تین روز میں اشیاء کے نرخوں میں کمی آنا شروع ہوگی۔ ااجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











