ڈیرہ غازی خان،03اکتوبر(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ سمگلنگ ملک کی معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے اس کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، بچلی چوری پر قابو پانے کے لئے جاری مہم کامیاب بنانے کے لئے میپکو کے ساتھ تعاون کیا جائے اور بجلی چوروں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیوسیکرٹریز نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان لک نے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں میونسپل سروسز کو بہتر بنایا جائے اور شہر میں صفائی کے لئے مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ افسران کی جانب سے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی۔
بعدازاں انہوں نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کا بھی دورہ کیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے علاوہ زیر تعمیر زچہ بچہ ہسپتال کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور ٹیچنگ ہسپتال میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے کارڈیالوجی ہسپتال کے لئے خریدی گئی جدید مشینری کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ مہر حیات لک نے بتایا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ڈی جی خان کے تعمیراتی کام پر 66 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں منصوبہ کو آئندہ سال مئی تک مکمل کر لیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ 44 کنال رقبہ پر محیط کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کو فعال کردیا گیا ہے اور مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔
مہر حیات لک نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران جنوبی پنجاب میں 76لاکھ 68ہزار 481بچوں کو کور کرنے کا ہدف مقررکیا گیاہے اور 31307 ٹیمیں فیلڈ میں ہیں جن میں 61093 ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پولیو مہم کے دوران ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 25لاکھ 77ہزار649 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر نے گرلز گائیڈتربیتی سنٹر کابھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرز کریم بخش، فخرالاسلام ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف قریشی، ایم ایس کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر عبدالرحمن،اے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ لنڈ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹر امیر مسلم اور ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین ان کے ہمراہ تھے۔











