ڈیرہ غازی خان؛ بارڈر ملٹری پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم سامان برآمد کر لیا

60

ڈیرہ غازی خان،12 اکتوبر(اے پی پی): بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازیخان نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا ہے۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ بی ایم پی مشتاق احمد ٹوانہ نے کہا کہ سمگلنگ کے خلاف بارڈر ملٹری پولیس کاڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کوہ سلیمان میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور رات گئے بلوچستان سے پنجاب نان کسٹم پیڈ سامان کی بڑی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے اور بارڈر ملٹری پولیس نے سمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان پکڑ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ سامان سے بھری آٹھ گاڑیوں کو بارڈر ملٹری پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس میں غیر ملکی ٹائرز ،چھالیہ،خشک دودھ سگریٹ ایران ڈیزل، پلاسٹک کا سامان اور اشیاء شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے پنجاب نان کسٹم پیڈ سامان کو مختلف طریقوں سے چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس پر بارڈر ملٹری پولیس نے کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ مال کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر اے سی کسٹم عثمان چھٹہ نےکہا کہ بارڈر ملٹری پولیس نے نان کسٹم پیڈ سامان سے بھری گاڑیوں کو پکڑ کر ہمارے حوالے کر دیا ہے  اوراس  سامان کی مالیت 4 کروڑ روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس سمگلنگ کے خاتمے کے لیے کسٹم کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اورہمارے اداروں کے درمیان مثالی ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔