ڈیرہ غازی خان؛ تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری، 39 کاروباری مراکز سربمہر

18

ڈیرہ غازی خان ،12 اکتوبر (اے پی پی ): ڈیرہ غازی خان میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری، 39 کاروباری مراکز سربمہر کر دیے گئے۔

اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی حدود میں سربمہر کاروباری مراکز کی تعداد 25 سے بڑھ کر 39 ہوگئی ہے،بند تعمیرات کی سیلیں توڑنے والوں کے خلاف مقدمات درج کراکر عمارتیں دوبارہ سیل کردی گئیں۔غیر قانونی تعمیرات کے 9 مالکان نے واجبات ادا کردئیے ہیں اور تین ماہ کے دوران دو کروڑ 16 لاکھ روپے کے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر تعمیرات منہدم کرائی جائیں گی،کمرشل تعمیرات کی فیس اور واجبات میں خیانت کرنے والے عملہ ملازمت سے فارغ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے بدعنوان ملازمین کے خلاف انٹی کرپشن کی کارروائی کریں گے اور ہر فائل میں سیلنگ،ڈی سیلنگ،چالان،مقدمات سمیت تمام دستاویزات تاریخ کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔

ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ایم سی کو مالی خسارہ سے بچانے،ہر میں ہول پر ڈھکن لگانے،سیوریج کے مسائل کا حل،ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کے واجبات کی ادائیگی کےلئے نقشہ،کنورژن فیس اور دیگر واجبات کی وصولی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ملکر کام کریں،فرائض میں انجام دہی میں عدم دلچسپی اور حکم عدولی ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔

اجلاس  میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر ،محمد اسد چانڈیہ،اے سی صدر عثمان غنی ،چیف آفیسر کارپوریشن مسرت عباس،لیگل ایڈوائزر اور دیگر موجود تھے۔