لاہور،12اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ منصوبے کا مجموعی طور پر 84 فیصد کام مکمل ہوگیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلائی اوورز کے تعمیراتی کاموں کامعائنہ کیا۔پراجیکٹ کے اطراف سڑکوں کی تعمیر کے کام کا بھی مشاہدہ کیااور پراجیکٹ کو مقرر مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یو ٹرنزکو ٹریفک کے لیے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے یوٹرنزپرٹائر برسٹ لگائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں کل سے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر گاڑیاں اورموٹر سائیکلیں بند کی جائیں گی۔ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے اپنی اوردوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں،ون وے کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی،اس ضمن میں ڈی آئی جی آپریشن اورسی ٹی او کو ہدایات جاری کردی ہیں۔لاہور میں ون ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بہت بڑی مہم چلائی جائے گی۔روڈ فوٹیج کا جائزہ لیں تو ایک گھنٹے میں ون وے ٹریفک کی 100سے زائدخلاف وزریاں نظر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بیشتر حادثات و ن وے اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ون وے قانون توڑنے کی وجہ سے حادثات کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے۔میڈیا لوگوں کو ون وے قوانین پر عملدرآمد کا شعور بیدار کرے۔ٹریفک حادثات کی وجہ سے سینکڑوں لوگ مررہے ہیں،اب سختی کرنا پڑے گی،ہم اپنا کام مکمل کر کے چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ سے پیکو روڈ تک کا راستہ سگنل فری ہو جائے گااورروزانہ اڑھائی لاکھ گاڑیوں کو آمدو رفت میں آسانی ہوگی اورٹریفک جام رہنے کا مسئلہ مستقل طورپر حل ہوگا۔اکبر چوک سے ٹاؤن شپ جانیوالی روڈ کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں۔ ہارٹی کلچر کا کام کر کے پوری سڑک کو خوبصورت بنائیں گے۔ میرے ساتھ کام کرنیوالی ٹیم بہت محنتی ہے،جو بھی حکومت آئیگی انہیں بھی ایسے محنتی لوگوں کی ضرورت ہوگی۔ پنجاب بھر کے 750تھانوں کی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں۔جو کام ہمارا ہے ہم کریں گے لیکن پولیس کو اپنا رویہ بہتر بنا کر امیج ٹھیک کرنا ہے۔لاہور کی سٹریٹ لائٹس کے بارے میں جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ گجرات میں ہسپتال کی حالت بہت خراب تھی۔انہوں نے کہا کہ اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ قدر مشکل منصوبہ تھالیکن الحمد اللہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔پورے کالج روڈ کی تعمیر و بحالی کی جارہی ہے،پیکو روڈ سے نہر تک سڑک کوری ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ڈویلپمنٹ کے کام تیزی سے چل رہے ہیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ فلائی اوورز کے گرڈرز کی لانچنگ کا عمل جاری ہے،66 میں سے 28 گرڈر لانچ کر دیئے گئے۔ فلائی اوورز کے دونوں اطراف ریٹیننگ والز پر بھی کام چوبیس گھنٹے جاری ہے۔
کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر،ڈی آئی جی آپریشن،سی ٹی او اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











