ڈیرہ غازی خان،13اکتوبر(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں مقررہ حد سے زیادہ وزن اٹھانے پر 5572 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔
کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں قانون پر عملدرآمد کےلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور ایک ماہ کے دوران روڈ ایکسل منیجمنٹ کے تحت 5572 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور مقررہ حد سے زیادہ وزن اٹھانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 8 مقدمات درج کرکے 23 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر کے دوران چاروں اضلاع میں انسانی جان سے کھیلنے والے عطائیوں کے 1160 مراکز سیل کئے گئے اور تین عطائیوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے اسی طرح غیر معیاری انسانی ادویات کے 947 کاروباری مراکز سربمہر ہوئے ۔کمشنر نے کہا کہ ناقص ادویات کی تیاری و فروخت پر چار افراد کے خلاف مقدمات درج اور ایک کروڑ 11 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے اور کہا ڈی جی خان ڈویژن میں 26 جعلی پیر بھی پکڑے گئے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کرکے 13 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں 497 غیر قانونی منی پٹرول پمپس بھی سیل کئے گئے اور غیر قانونی ائل ایجنسی مالکان کے خلاف 475 مقدمات درج کرکے 26 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں خلاف,ورزی کرنے پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔











