ڈیرہ غازی خان؛ ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس ، آر پی او کیجانب سے مختلف ہدایت جاری

24

ڈیرہ غازی خان،13اکتوبر (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں ملکی حالات کے پیش نظر بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور غیر ملکی شہریوں کےسکیورٹی اقدامات ،تھریٹ الرٹس اور پیش آ مدہ چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو احکامات جاری کیئے کہ  ضلع بھر میں اہم تنصیبات ، حساس مقامات اور پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور ضلعی سربراہان حساس مقامات کے سکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہیں اور تمام داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی، مشکوک افراد کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بروقت معلومات کا تبادلہ اور مکمل کوارڈینیشن قائم رہنی چاہیے۔

آر پی او نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی اور پروف آف رجسٹریشن کے حامل افغان مہاجرین کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ لسٹیں مرتب کرنے کے لیے دوبارہ سے سروے کیا جائے اور غیر ملکی شہریوں کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے۔

آر پی او نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم میں واپڈا کے عملہ کی مکمل معاونت اور ملزمان کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نےکہا کہ بجلی چوری کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرمان کسی قسم کی رعایت کےمستحق نہیں ہیں اور بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں ریکوری کی شرح میں اضافہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جائے اور  بین الاضلاعی و بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جوائنٹ چیکنگ عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں ڈیرہ غازیخان ، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان سمیت واپڈا ،نادرا، ایف آئی اے، کسٹم کے افسران نے شرکت کی۔