رحیم یار خان، 18 نومبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر ہر صورت عملدرآمد کرائے گی۔ایکسل لوڈ قوانین پر عمل نہ ہونے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت ضلع میں ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی اور ڈی او انڈسٹریز عمادالدین جتوئی نےاجلاس میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزیوں سے شاہرات ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور حادثات کا باعث بنتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور ملز مالکان دونوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ سیکرٹری آر ٹی اے ، ٹریفک پولیس ، موٹر وئے اور پنجاب ہائی وئے پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں۔
شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ رحیم یار خان میں دونوں اطراف برج بنائیں جائیں۔ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کی آگہی کے لئے چاروں تحصیلوں میں آگہی سیمینار کرائے جائیں اور کہا کہ حکومت نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے قانون سازی کی ہے ۔
سیکرٹری آر ڑی اے ریاست علی نےکہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد کے لئے قومی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ڈی او انڈسٹریز عماد الدین جتوئی کا کہنا تھا کہ شاہرات کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لئے یہ مہم تمام صوبوں میں جاری ہے۔
اجلاس میں شوگر ملز نمائندگان ، چیمبر آف کامرس ، فرٹیلائزرز سمیت دیگر صنعتوں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی ۔











