بورے والا، 18 نومبر(اے پی پی): گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول بورے والا میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی کے حوالہ سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ہیلمٹ کی افادیت،تیز رفتاری،ون وے اورسیٹ بیلٹ سمیت دیگر ٹریفک قوانین سے متعلق أگاہی کے لئے لیکچر دیا گیا جبکہ خصوصی بچوں کو ٹیچرز اور طلباء نے اشاروں کی زبان میں آگاہی دی۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر رانا تنویر سرور کی زیر نگرانی انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ وہاڑی کی جانب سے اس تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، اس کا مقصد خصوصی بچوں کوبذریعہ ترجمان ٹریفک قوانین سے روشناس کرانا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا تھا۔ ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر وہاڑی رانا تنویر سرورنے اپنے پیغام میں کہا کہ کم عمر افراد ڈرائیونگ سے گریز کریں ہر شہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دے تاکہ حادثات سے انسانی جانوں کے ناقابل تلافی نقصانات سے بچا جا سکے۔
انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ اے ایس آئی طارق محمود اور محمد عمران ارشد انچارج ٹریفک پولیس سرکل بورے والا نے طلباء و طالبات کو لیکچر دئیے اور معلوماتی کتابچے بھی تقسیم کئے۔











