ساہیوال :ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ گائناکالوجی میں آبسٹیڑک فسٹیولا کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

25

ساہیوال،09نومبر (اے پی پی): ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ گائناکالوجی اور پاکستان فسٹیولا فاونڈیشن کے باہمی اشتراک سے  آبسٹیڑک فسٹیولا کے موضوع پر ایک سیمینار اور ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔

پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا کہ  فسٹیولا سیمینار کے انعقاد کا مقصد اس مرض میں مبتلا عورتوں کی تلاش اور کامیاب علاج کے ذریعے ان کی زندگیوں کو بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فسٹیولا کی بیماری سے نہ صرف بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کا موثر علاج بھی ممکن ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد لوگوں میں آگہی پیدا کرنا ہے کہ خواتین ایک صحت مند زندگی گزار سکیں اور جہاں انہیں میڈیکل کیئر کی ضرورت ہے وہاں وہ مستند ڈاکٹر کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا غیر مستند ڈاکٹرز کے علاج سے اس بیماری میں مزید اضافہ ہوگا۔

شعبہ گائناکالوجی کی سربراہ ڈاکٹر صفیہ اظہار نے کہا کہ یہ بیماری زچگی کے دورانیے کے طویل ہونے اور دوران زچگی بچے کے پھنس جانے کی وجہ سے ہوتی ہے جس سے پیشاب اور بسااوقات پاخانے کی تھیلیوں میں سوراخ ہو جاتا ہے جس سے مسلسل پیشاب اور پاخانہ بہتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتیں اس شرمناک بیماری کی وجہ سے معاشرے سے کٹ جاتی ہیں اور تنہائی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتی ہیں جس سے ان کی ذہنی اور جسمانی کیفیت بہت متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوعمری کی شادی بھی اس بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے جس پر کنٹرول کرکے اور ڈاکٹرز کو تربیت یافتہ کرکے اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

 مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شیر شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں 20لاکھ خواتین اس مرض کا شکار ہیں اور پاکستان میں تقریباً 4سے 5ہزار خواتین سالانہ اس بیماری کا شکار ہو جاتی ہے جس کی بنیادی وجہ معاشرتی ناہمواری، غربت، تعلیم کی کمی اور علاقائی سطح پر بنیادی سہولتوں کا ناپید ہونا شامل ہے۔

 ڈاکٹر سجاد احمد صدیقی جو پاکستان فسٹیولا فاونڈیشن کے اہم رکن ہیں۔ انہوں نے کہا ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں اس بیماری کے علاج کی تمام سہولیات موجود ہیں اس لئے مریض خواتین فوری ہسپتال سے رجوع کریں اور پنجاب اور سندھ میں فسٹولا کے مراکز ہیں جہاں فسٹیولا کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔

سیمینار میں پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی،ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صفیہ اظہار، ڈاکٹر زریں اختر،  ڈاکٹر سیعدہ بانو،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حنا الیاس، ڈاکٹر ہارون گیلانی سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد نے  شرکت کی۔