میرپورخاص ،09 نومبر ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ ، میل وارڈ، فیمیل وارڈ، کارڈیو وارڈ،ایکسرے وارڈ،اسٹور ، لیبارٹری اور دیگر وارڈوں کا تفصیلی دورہ کیا اورمیونسپل انتظامیہ کے نمائندے کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی ٹیم کی ڈیوٹی لگا کر ڈی ایچ کیو ہسپتال اور وارڈوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر ہیمجی کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولت کے ساتھ صفائی ستھرائی کی صورتحال کوبھی بہتر بنایا جائے۔
اس موقع پر ایم ایس نے بتایا کہ ہسپتال میں 165 عملے کو یونیفارم فراہم کئے گئے ہیں اورہسپتال میں 581 ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی پوسٹ ہیں جس میں سے 361پوسٹ پر عملہ کام کررہاہے جبکہ 220پوسٹ خالی ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیوہسپتال کے حوالے سے جو درپیش مسائل ہیں اس سلسلے میں دورے کیے جا رہے ہیں جس کا مقصد ڈی ایچ کیو کو فعال بنانا ہے تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورے کے دوران ڈی ایچ کیو کے اسٹاف کی کمی اور ڈرینیج کا مسئلہ اور ہسپتال کے تزین و آرائش اور معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو لکھا گیا ہے ، ضلع انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پہلے مرحلے میں صفائی کو بہتر کیا جائے اور ہر وارڈ کے درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی جانب جانے والے راستے کی تعمیر و مرمت کے لیے متعلقہ ادارے کو لکھا گیا ہے ۔
اس موقع پر ایکسیئن ہیلتھ رورل سندھ سید شہباز شاہ نے بتایا کہ سندھ بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی تعمیر کے لیے یہ ایک بلین کی اسکیم تھی اور میرپورخاص ڈی ایچ کیو اسکیم جو 2012 میں شروع کی گئی تھی جس میں سے ایڈمنسٹریشن بلاک محکمہ صحت انتظامیہ کے حوالے کی گئی جبکہ رہائشی بلاک مرحلے میں ہے۔
اس موقع پر اے ڈی سی ٹو پریم چندڈی ایچ او ڈاکٹر جیرام داس اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری عرفان نظامانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سلیم شیخ میونسپل کمشنر رفیق سیہڑ نواب ستاراور منصورچیمہ بھی انکے ہمراہ تھے۔











