صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے روانڈا کی سینیٹ کے صدر کی وفد کے ہمراہ ملاقات، دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ

14

 

اسلام آباد،1نومبر  (اے پی پی):پاکستان اور روانڈا نے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بناتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور روانڈا کی سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  روانڈا کی سینیٹ کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے اور اس حقیقت پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تجارت کو اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق بڑھانا چاہتا ہے۔  انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان جنوری 2024 میں قاہرہ میں چوتھی پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کر رہا ہے۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ روانڈا کے تاجر بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے تاکہ دونوں دوست ممالک کے درمیان کاروبار کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔

 صدر نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو اجاگر کیا اور غزہ میں مزید تباہی اور خونریزی روکنے کے لیے فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ وفد نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

  روانڈا کی سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔  انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان کو ایک عظیم شراکت دار سمجھتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے صدر کو بتایا کہ روانڈا اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر غور کر رہا ہے۔