ملتان ؛ بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد

24

ملتان، 08 نومبر (ٓے پی پی ): چئیر پرسن سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیر اہتمام بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے چونگی نمبر 9 پر عوامی آگاہی واک کی گئی۔آگاہی واک کی قیادت ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر اور سٹی ٹریفک آفیسر راؤ نعیم شاہد نے کی  ۔

 آگاہی واک کے دوران بچوں کے تحفظ، بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے نعرے بھی لگائے گئے اور آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ آگاہی واک کا مقصد بچوں کو بدسلوکی اور استحصال کے بارے میں آگاہی دینا اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کا اجاگر کرنا ہے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر نے کہا کہ جو قوم اپنے بچوں کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ کامیاب نہیں ہو سکتی ،چئیر پرسن سارہ احمد کی ہدایات اور ان کے وژن کے مطابق بچوں کا تحفظ بیورو کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی واک کے ذریعے لوگوں میں بچوں کے استحصال کی روک تھام اور چائلڈ پروٹیکشن کا شعور پیدا کرنا ہے۔

 سی ٹی او راؤ نعیم شاہد نے کہا کہ بچوں کے استحصال اور بدسلوکی سے بچاؤ کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا ،  بچے اس قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کے استحصال اور زیادتی سے بچانا چاہیے۔

آگاہی واک میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، سوشل ویلفیئر، پنجاب پولیس، لیبر ڈیپارٹمنٹ، این جی اوز اور سول سوسائٹی سمیت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں آفیسرز و سٹاف نے بھی شرکت کی ۔